کور ← فتواوې ← DAB-F-000030
DAB-F-000030
06-10-2026
دارالافتاء البیان پشاور
دارالافتاء البیان پشاور Dar-ul-Ifta Al-Bayan Peshawar
فتویٰ نمبر DAB-F-000030
تاریخِ اشاعت 06-10-2026
د فتوا شمېره DAB-F-000030
د خپرېدو نېټه 06-10-2026
په دې ژبه ژباړه نشته؛ اصلي اردو متن ښودل کېږي۔

مسئلہ میراث ووصیتِ حج

میرے والد نے اپنی زندگی میں اپنے حج کے لیے ایک رقم جمع کر کے رکھی ہوئی تھی لیکن کبھی اس کی زکوۃادا نہیں کی۔ والد صاحب کی الماری سے وصیت نامہ ملا جس میں اس رقم سے کسی کو حج پر بھیجنے کی وصیت کی گئی ہے تو کیا اب ہم پر اس رقم سے کسی کو حج کروانا لازم ہے یا اس کی گزشتہ سالوں کی زکوۃ ادا کرنا لازم ہے ؟ نیز یہ بتائے کہ یہ رقم حج کے مصارف کے لیے کافی نہیں ہے تو کیا ہم اپنی طرف سے حج کے مصارف پورے کرنے کے پابند ہیں یا نہیں ؟ والد صاحب کے ورثاء میں ایک بیوہ ، ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں ۔

صورتِ مسئولہ میں اگر مرحوم کے شرعی ورثاء صرف ایک بیوہ، ایک بیٹا اور چار بیٹیاں ہوں اور ان کے علاوہ والدین یا کوئی دوسرا مؤثر شرعی وارث موجود نہ ہو، تو مرحوم نے وفات کے وقت منقولہ و غیر منقولہ جائیداد، سونا، چاندی، نقدی اور دیگر جو کچھ اپنی ملکیت میں چھوڑا ہے، وہ سب ان کا ترکہ شمار ہوگا۔ ترکہ میں سب سے پہلے تجہیز و تکفین کے مناسب اخراجات ادا کیے جائیں گے، پھر مرحوم کے ذمہ اگر کسی کا واجب الاداء قرض ہو تو اسے ادا کیا جائے گا، اس کے بعد جائز وصیت کو شرعی حدود کے مطابق نافذ کیا جائے گا، اور پھر باقی ترکہ ورثاء میں تقسیم ہوگا۔حج کے لیے جمع کردہ مذکورہ رقم اگر نصاب کو پہنچتی تھی اور اس پر شرائطِ وجوبِ زکوٰۃ کے ساتھ ایک یا متعدد قمری سال گزرے تھے تو اس رقم کی زکوٰۃ مرحوم کے ذمہ واجب ہوئی تھی؛ محض حج کے لیے رقم مخصوص کرکے رکھنے سے زکوٰۃ ساقط نہیں ہوتی۔ البتہ چونکہ مرحوم نے گزشتہ زکوٰۃ کی ادائیگی کی وصیت نہیں کی، اس لیے حنفی فقہ کے مطابق ورثاء پر مرحوم کی طرف سے گزشتہ زکوٰۃ ترکہ سے ادا کرنا لازم نہیں ہے۔ تاہم بالغ ورثاء اپنی رضامندی سے اپنے اپنے شرعی حصوں میں سے بطورِ تبرع مرحوم کی طرف سے زکوٰۃ ادا کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔چونکہ مرحوم نے وصیت نامے میں مذکورہ رقم سے اپنی طرف سے حج کروانے کی وصیت کی ہے، اس لیے اس وصیت پر شرعی حدود کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ اگر یہ مخصوص رقم ثلثِ ترکہ کے اندر ہو تو اسی رقم سے مرحوم کی طرف سے حجِ بدل کروایا جائے گا، اور اگر وہ رقم ثلثِ ترکہ سے زائد ہو تو ثلث سے زائد مقدار میں وصیت کا نفاذ بالغ ورثاء کی رضامندی پر موقوف ہوگا۔ اگر شرعاً قابلِ وصیت رقم اس مقام سے حجِ بدل کے لیے کافی ہو جہاں مرحوم مستقل سکونت رکھتے تھے تو وہاں سے حج کروایا جائے، اور اگر وہاں سے کافی نہ ہو تو جہاں سے اس رقم میں شرعاً حجِ بدل ممکن ہو وہاں سے کروایا جائے۔ ورثاء اپنے ذاتی مال سے حج کے اخراجات کی کمی پوری کرنے کے شرعاً پابند نہیں ہیں البتہ بالغ ورثاء اپنی خوشی اور رضامندی سے اپنے اپنے حصوں میں سے اضافی رقم بطورِ تبرع دے سکتے ہیں۔اس کے بعد باقی ترکہ تقسیم کیا جائے گا۔ اگر واقعی مرحوم کے شرعی ورثاء صرف ایک بیوہ، ایک بیٹا اور چار بیٹیاں ہی ہوں تو ترکہ کو 48 حصوں میں تقسیم کیا جائے گا بیوہ کو 6 حصے یعنی 12.5 فیصد، بیٹے کو 14 حصے یعنی تقریباً 29.1667 فیصد، اور چاروں بیٹیوں میں سے ہر ایک کو 7 حصے یعنی تقریباً 14.5833 فیصد ملیں گے۔

فتاویٰ حقانیہ میں ہے:
"سوال: اگر کسی نے حج کے لیے کئی سالوں سے کچھ رقم بینک میں جمع کی ہو، اور رقم نصاب سے زیادہ ہو، تو کیا حولانِ حول کے بعد اس رقم پر زکوٰۃ واجب ہوگی یا نہیں؟
جواب: حج کے لیے رقم رکھنے سے زکوٰۃ ساقط نہیں ہوتی، جب تک یہ رقم حج میں خرچ نہ ہوئی ہو، اور اس کی ضروریات سے زائد ہو، تو اس پر حولانِ حول کے بعد زکوٰۃ واجب رہے گی۔" (فتاویٰ حقانیہ، 3/493، ط: مکتبہ سید احمد شہید، اکوڑہ خٹک)
"أنه لو مات من عليه الزكاة لاتؤخذ من تركته لفقد شرط صحتها، وهو النية إلا إذا أوصى بها فتعتبر من الثلث كسائر التبرعات." (البحر الرائق شرح كنز الدقائق  ِكتاب الزكوة، شروط اداء الزكوة، ج:2، ص:227، ط:دارالكتاب الاسلامى)

"وأما دين الله تعالى فإن أوصى به وجب تنفيذه من ثلث الباقي وإلا لا.وفی الرد: قوله وأما دين الله تعالى إلخ) محترز قوله من جهة العباد وذلك كالزكاة والكفارات ونحوها قال الزيلعي فإنها تسقط بالموت فلا يلزم الورثة أداؤها إلا إذا أوصى بها؛ أو تبرعوا بها هم من عندهم، لأن الركن في العبادات نية المكلف وفعله، وقد فات بموته فلا يتصور بقاء الواجب اهـ. (رد المحتار علی الدر المختار، کتاب الفرائض ، 6/ 760، ط:سعید)

ومن جملة الأسباب المسقطة للزكاة موت من عليه مال، قال أصحابنا رحمهم الله: إذا مات من عليه الزكاة تسقط الزكاة بموته حتى أنه إذا مات عن زكاة سائمة، فالساعي لا يجبر الوارث على الأداء، ولو مات عن زكاة التجارة لا يجب عليه الأداء فيما بينه وبين ربه. ثم إذا أوصى قائماً يجب على الوارث تنفيذ الوصية بقدر الثلث؛ لأن الميت لو لم يوص بذلك لكن تسلم الورثة جميع المال لو بطل حقهم عن بعض المال، إنما يبطل بحكم الوصية، وعمل الوصية في مقدار الثلث، لا في الزيادة على الثلث.(المحيط البرهاني في الفقه النعماني (2/ 301)

اوصی ان یحج عنہ بثلثہ وثلثہ لایبلغ الحج عن بلدہ الاماشیافقال رجل :انی آخذ واحج عن بلدہ ماشیالم یجز ذلک ویدفع الی رجل یحج من حیث یبلغ۔(الفتاوی التاتارخانیۃ ،الوصیۃ بالحج ،الفصل 16(3/664))

مات من علیہ الزکاۃ تسقط الزکاۃ ولا تصیر دینا فی الترکۃ الا انہ لو اوصی باداء الزکاۃ یجب تنفیذ الوصیہ من ثلث مالہ ۔(الفتاوی العالمگیریۃ،کتاب الزکاۃ ،باب زکاۃ الذہب والفضٰۃ والعروض،1/396))

ولو أوصى الميت ان يحج عنه ولم يرد کان للوصی ان یحج بنفسہ فان کان الوصی وارث المیت او دفع المال الی وارث المیت لیحج عن المیت فان اجازت الورثۃ وھم کبار جاز وان لم یجیزوا لایجوز لان ھذا بمنزلۃ التبرع بالمال ۔۔۔۔ویحج عنہ عن ثلث مالہ سواء قید الوصیۃ بالثلث بان اوصی ان یحج عنہ بثلث مالہ او اطلق بان اوصی بان یحج عنہ ھکذا فی البدائع، یحج عنہ بثلث مالہ  (الفتاوی العالمگیریۃ ،کتاب الحج ،الباب فی الحج عن الغیر۔ (2/542))

قال اللہ تعالی: {یوصیکم اللہ فی اولادکم للذکر مثل حظ الانثیین }(سورۃ النساء،الآیۃ: 11) 

{فان کان لکم ولد فلھن الثمن مما ترکتم من بعد وصیۃ توصون بھااو دین}(سورۃ النساء،الآیۃ: 12)

فیفرض للزوجۃ فصاعدا الثمن مع ولد او ولد ابن (الدر المختار ،کتاب الفرائض،ج10/ص544)

(ویصیر عصبۃبغیرہ البنات بالابن )۔۔۔قید بہ لانھن عند عدمہ صاحبات فرض دائما،وابن الابن لایعصب ذات فرض۔(رد المحتار علی الدر المختار ،کتاب الفرائض ،ج10/ص552)

ځواب ورکوونکی مفتي
محترم مفتی محمد عمر صاحب مفتی و محقق، دارالافتاء البیان پشاور
علمی مراجعت
حیثیت منظور شدہ
یہ فتویٰ دارالافتاء کے علمی و اداری نظام کے تحت مرتب، مراجعہ اور منظور کیا گیا ہے۔
موضوعات وراثت و وصیت