Home ← Fatwas ← DAB-F-000038
DAB-F-000038
07-10-2026
دارالافتاء البیان پشاور
دارالافتاء البیان پشاور Dar-ul-Ifta Al-Bayan Peshawar
فتویٰ نمبر DAB-F-000038
تاریخِ اشاعت 07-10-2026
Fatwa No. DAB-F-000038
Published 07-10-2026
A translation is not available in this language; the original Urdu text is shown.

ظلی اور بروزی نبی کا مطلب

ظلی اور بروزی نبی کا  مطلب کیا ہے؟ قادیانی ان اصطلاحات کے ذریعہ    چکر دیتے ہیں ۔

"ظل "سایہ کو کہتے ہیں جیسے کوئی کہے کہ مرزا قادیانی شیطان کی تصویر (ظل) تھا۔"بروز"کامعنی ہے کہ کسی شخصیت کی جگہ کوئی اور ظاہر ہوجائےجیسے کوئی کہے کہ مرزاقادیانی نے شیطان کی شکل اختیار کرلی اس کی جگہ ظاہر ہوگیا۔

قادیانی جماعت کاعقیدہ ہے کہ مرزاغلام احمد قادیانی ظلی نبی تھا،یعنی آنحضرت ﷺکی اتباع کی وجہ سے وہ آنحضرتﷺکاظل ہوگیا۔اس اعتبار سے اس کایہ مطلب ہے کہ آنحضرتﷺ کے ساتھ اتحادہوگیااور آپ ﷺ کاوجود مرزاقادیانی کاوجود ہے ۔جیسا کہ اس نے لکھاہے :صار وجودی وجودہ "یعنی مسیح موعود (مرزاقادیانی ) نبی کریم ﷺ سے الگ کوئی چیز نہیں ۔بلکہ وہی ہے جو بروزی رنگ میں دوبارہ دنیامیں آئے گا۔تو اس صورت میں کیااس بات میں کوئی شک رہ جاتاہے کہ قادیان میں اللہ جل جلالہ نے پھر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کواتارا۔

یہ قادیانیوں کی من گھڑت اصطلاحات ہیں، جن کا اسلام میں  کوئی ثبوت نہیں، نبوت کا سلسلہ  ہر طرح ختم ہوچکا ہے، اب  نہ کوئی ظلی نبی آئے گا نہ بروزی، نہ تشریعی نہ غیر تشریعی۔ ختمِ نبوت وہ قطعی اور اجماعی عقیدہ ہے جس میں کسی قسم کی تاویل امت کے نزدیک معتبر نہیں ہے۔

مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانامحمد شفیع ؒنےمعارف القرآن  میں(سورۃ الاحزاب آیت 40)کے تحت  لکھاہے  کہ اس مدعی نبوت نے دعوی نبوت کاراستہ ہموار کرنے کے لئے ایک نئی چال چلی کہ نبوت کی ایک نئی قسم ایجاد کی ،جس کاقرآن وسنت  میں کوئی وجود نہیں  اور پھر کہاکہ یہ قسم نبوت کی حکم قرآنی ختم نبوت کے منافی نہیں۔خلاصہ اس کایہ ہے کہ اس نے نبوت کے مفہوم میں وہ راستہ اختیار کیاجو ہندوؤں اور دوسری قوموں میں معروف ہے کہ ایک شخص کسی دوسرے کے جنم میں دوسرے کے روپ میں آسکتاہے اور پھر یہ کہاکہ جوشخص رسول اللہ ﷺ کے مکمل اتباع کی وجہ سے آپ ﷺکاہم رنگ ہوگیاہواس کاآناگویاخود حضور ﷺ ہی کاآناہے وہ درحقیقت آپﷺ ہی کاظل اور بروز ہوتاہے،اس لئے اس کے دعوے سے عقیدہ ختم نبوت متاثر نہیں ہوتا۔

مگر اول تو یہ نو ایجاد نبوت اسلام میں کہاں سے آئی،اس کاکوئی ثبوت نہیں اس کے علاوہ مسئلہ ختم نبوت چونکہ عقائد اسلامیہ کاایک بنیادی عقیدہ ہے اس لئے رسول اللہﷺ نے اس کو مختلف عنوانات سے مختلف اوقات میں ایساواضح کردیا ہے کہ کسی تحریف کرنے والے کی تحریف چل نہیں سکتی۔...

وعن أبي هريرة - رضي الله عنه - قال: قال رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «مثلي ومثل الأنبياء كمثل قصر أحسن بنيانه ترك فيه موضع لبنة، فطاف به النظار، يتعجبون من حسن بنائه، إلا موضع تلك اللبنة، فكنت أنا سددت موضع اللبنة، ختم بي البنيان وختم بي الرسل وفي رواية: فأنا اللبنة، وأنا خاتم النبيين» متفق عليه."(مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح (9/ 3673))

اس تمثیل بلیغ کاحاصل یہ ہے کہ نبوت ایک عالی شان محل کی  طرح ہے جس کے ارکان انبیاء علیہم السلام ہیں ،آنحضرت ﷺ سے پہلے یہ محل بالکل تیارہو چکاتھااور اس میں صرف ایک اینٹ کے سواکسی اور قسم کی گنجائش تعمیر میں باقی نہیں تھی آنحضرت ﷺ نے اس جگہ کو پر کرکے قصر نبوت کی تکمیل فرمادی اب اس میں نہ کسی نبوت کی گنجائش ہے نہ رسالت کی ،اگر نبوت اور رسالت کی کچھ اقسام مان لی جائیں تواب ان میں سے کسی قسم کی گنجائش قصر نبوت میں نہیں ہیں۔۔۔

 عن عائشة، أن النبي صلى الله عليه وسلم، قال: «لا يبقى بعدي من النبوة شيء، إلا المبشرات» ، قالوا: يا رسول الله، وما المبشرات؟ قال: «الرؤيا الصالحة، يراها الرجل، أو ترى له»(مسند أحمد مخرجا (41/ 443)ترجمہ :" میرے بعد نبوت میں سے کچھ باقی نہیں رہابجز مبشرات کے ،صحابہ نے عرض کیاکہ یارسول اللہﷺ مبشرات کیاچیز ہے؟فرمایاسچے خواب جو مسلمان خود دیکھے یااس کے متعلق کوئی دوسرادیکھے "اس حدیث نے کس قدر وضاحت سے بتلادیاکہ نبوت کی کوئی قسم تشریعی یاغیر تشریعی اور بقول مرزاقادیانی ظلی یابروزی آنحضرت ﷺ کے بعد  باقی نہیں ،صرف مبشرات یعنی سچے خواب لوگوں کو آئیں گے جن سے کچھ معلومات ہوجائیں گی۔(معارف القرآن، سورۃ احزاب آیۃ :40 )

مرزا بشیر نے لکھا ہے:

’’یعنی مسیح موعود (مرزا قادیانی) نبی کریم سے الگ کوئی چیز نہیں، بلکہ وہی ہے جو بروزی رنگ میں دوبارہ دنیا میں آئے گا۔ تو اس صورت میں کیا اس بات میں کوئی شک رہ جاتا ہے کہ قادیان میں اللہ  نے پھر محمد صلعم (مرزا) کو اتارا۔‘‘(کلمتہ الفصل ص ۱۰۵ مصنفہ مرزا بشیر احمد پسر مرزا قادیانی)

 ’’ظل‘‘، عربی میں سایہ کو کہتے ہیں اور ’’بروز‘‘  کا معنی ہے کہ کسی شخصیت کی جگہ کوئی اور ظاہر ہوجائے۔  
قادیانیوں  کا باطل عقیدہ ہے کہ مرزا غلام احمد قادیانی،  ظلی  نبی تھا، یعنی (ان کے زعم میں ) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی  اتباع  کی  وجہ  سے  وہ آپ کا ظل اور سایہ ہوگیا اور گویا دونوں کی ذات متحد ہوگئی ہے۔  جیسے اس نے لکھا ہے:’’صار وجودي وجوده‘‘.ترجمہ:یعنی میرا اور ان کا وجود ایک ہی ہوگیا ہے۔ (خطبہ الہامیہ ص ۱۷۷، خزائن ص ۲۵۸ ج ۱۶ مصنفھما مرزاغلام احمد قادیانی)

 قلت: وقد أخبر النبي صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم َ أمته نصحا لهم وتحذيرا في أحاديث كثيرة أنه سيكون بعده دجالون كثيرون وقال في بعضها: " كلهم يزعم أنه نبي وأنا خاتم النبيين لا نبي بعدي " رواه مسلم وغيره (الأحاديث الصحيحة 1683) ومن هؤلاء الدجالين " ميرزا غلام أحمد القادياني " الذي ادعى النبوة.(متن الطحاوية بتعليق: محمد ناصر الدين الألباني ،الناشر: المكتب الإسلامي - بيروت (ص: 39))

Answering Mufti
محترم مفتی محمد عمر صاحب مفتی و محقق، دارالافتاء البیان پشاور
علمی مراجعت
حیثیت منظور شدہ
یہ فتویٰ دارالافتاء کے علمی و اداری نظام کے تحت مرتب، مراجعہ اور منظور کیا گیا ہے۔
Categories ختمِ نبوت