Home ← Fatwas ← DAB-F-000039
DAB-F-000039
21-10-2026
دارالافتاء البیان پشاور
دارالافتاء البیان پشاور Dar-ul-Ifta Al-Bayan Peshawar
فتویٰ نمبر DAB-F-000039
تاریخِ اشاعت 21-10-2026
Fatwa No. DAB-F-000039
Published 21-10-2026
A translation is not available in this language; the original Urdu text is shown.

کتاب النکاح

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ نصیر احمد کی سدرہ بی بی سے شادی ہوئے پانچ سال گزر چکے ہیں اور دو بیٹیاں بھی ہیں میاں بیوی میں کوئی رنجش نہیں ہے باہم خوشگوار زندگی گزار رہے تھے ایک دن سدرہ بی بی نے نصیر احمد کو بتایا کہ تمہارے والد نیاز احمد نے مجھے کہا ہے کہ میں تمہیں اپنی بیٹیوں کی طرح رکھنا چاہتا ہوں اگر تمہیں بوسہ دوں تو تمہیں کوئی اعتراض تو نہیں ہوگا سدرہ بی بی نے اجازت دے دی اور نیاز احمد نے اس کے منہ پر بوسہ دیا ۔
نصیر احمد کو جب اس بات کا علم ہوا تو اس نے سدرہ بی بی کو سختی سے منع کیا کہ نیاز احمد کی نیت ٹھیک نہیں ہے لہذا تم آئندہ اس سے دور رہو ۔سدرہ بی بی کو منع کرنے کے بعد بھی نیاز احمد نے اس کو دو مرتبہ بوسہ دیا اور ایک مرتبہ دیر تک اس کا ہاتھ پکڑے رکھا اور اس سے باتیں کرتا رہا ۔
اب نصیر احمد کا کہنا ہے کہ نیاز احمد کی نیت ٹھیک نہیں ہے اور میں قرائن کی بنا پر یقین کی حد تک کہ سکتا ہوں کہ اس نے یہ سب کام شہوت کی حالت میں کئے ہیں جبکہ سدرہ بی بی کا کہنا یہ ہے کہ میرا بھی یہی خیال ہے کہ نیاز احمد نے مذکورہ بالا فعل بری نیت سے کیا ہے لیکن وہ شہوت کی حالت میں تھا یا نہیں میں کچھ نہیں کہ سکتی البتہ میرا دل مطمئن ہے کہ نیاز احمد شہوت کی حالت میں نہیں تھا ۔
نصیر احمد اپنے والد سے ڈر کی وجہ سے دریافت بھی نہیں کر سکتا جو کچھ سنا بیگم کی زبانی سنا ہے اور مذکورہ بالا واقعہ ہونے کے ایک سال بعد کسی عالم کی زبانی سنا کہ اس طرح حرمت مصاہرت ثابت ہو جاتی ہے اب فکر مند ہے کہ کیا کرے اب دریافت طلب امر یہ کہ
مذکورہ بالا صورت میں حرمت مصاہرت ثابت ہوئی یا نہیں ؟
کیا سدرہ بی بی اور نصیر احمد کا نکاح باقی ہے یا ٹوٹ گیا ہے؟
مذکورہ واقعہ کے بعد جو اولاد ہوئی ہے اس کا کیا حکم ہے ؟
اگر حرمت مصاہرت ثابت ہو چکی تھی تو اتنا عرصہ جو باہم ملتے رہے اس کا کیا کفارہ ہوگا؟
جواب عنایت فرما کر عند اللہ ماجور ہوں ۔

صورتِ مسئولہ میں اگر سوال میں مذکور تفصیلات واقعہ کے مطابق درست ہیں تو بوسہ میں اصل شہوت کا اعتبار کیا جاتا ہے، جب تک عدمِ شہوت واضح طور پر ثابت نہ ہو۔ لہٰذا نیاز احمد کے اپنی بہو سدرہ بی بی کو متعدد مرتبہ بوسہ دینے کی وجہ سے حرمتِ مصاہرت ثابت ہوگئی، اور سدرہ بی بی اپنے شوہر نصیر احمد پر ہمیشہ کے لیے حرام ہوگئی۔اب دونوں کے لیے میاں بیوی کی حیثیت سے ساتھ رہنا جائز نہیں، لہٰذا شرعی متارکہ یا تفریق ضروری ہے، جس کے بعد سدرہ بی بی عدت گزارے گی۔ عدت کے بعد وہ کسی دوسرے شخص سے نکاح کرسکتی ہے، البتہ نصیر احمد سے دوبارہ نکاح جائز نہیں ہوگا۔مذکورہ واقعہ کے بعد متارکہ سے پہلے جو اولاد پیدا ہوئی ہے، اس کا نسب نصیر احمد ہی سے ثابت ہوگا اور وہ شرعاً اسی کی اولاد شمار ہوگی۔ لاعلمی کے زمانے میں قائم ہونے والے ازدواجی تعلق کو زنا قرار نہیں دیا جائے گا اور اس کے لیے کوئی مخصوص شرعی کفارہ مقرر نہیں البتہ حکم معلوم ہونے کے بعد ازدواجی تعلق قائم رکھا گیا ہو تو توبہ و استغفار لازم ہے۔نیاز احمد پر بھی اپنے مذکورہ فعل سے توبہ و استغفار کرنا لازم ہے۔ فقط والله تعالى اعلم بالصواب

کما فی محیط البرھانی :
وكذلك إذا قبلها ثم قال: لم تكن عن شهوة، أو لمسها أو نظر إلى فرجها (وقال) : لم يكن عن شهوة فقد ذكر الصدر الشهيد رحمة الله: أن في القبلة يفتى ثبوت الحرمة ما لم يتبين أنه قبّل بغير شهوة، وفي المس والنظر إلى الفرج لا يفتى بالحرمة، إلا إذا تبين أنه فعل بشهوة؛ لأن الأصل في التقبيل الشهوة، بخلاف المس والنظر.
کتاب النکاح /الفصل الثالث عشر فی بیان اسباب التحریم /ج 3 /ص 65
کما فی درالمختار:
(قوله: قبل أم امرأته إلخ) قال في الذخيرة، وإذا قبلها أو لمسها أو نظر إلى فرجها ثم قال لم يكن عن شهوة ذكر الصدر الشهيد أنه في القبلة يفتى بالحرمة، ما لم يتبين أنه بلا شهوة وفي المس والنظر لا إلا إن تبين أنه بشهوة؛ لأن الأصل في التقبيل الشهوة بخلاف المس والنظر.
کتاب النکاح /فصل فی المحرمات /ج3 /ص 35
وبحرمة المصاهرة لا يرتفع النكاح حتى لا يحل لها التزوج بآخر الا بعد المتاركة وانقضاء العدة اور اسی مقام پر والوطء فيها لا يكون زنا لانه مختلف فيه، وعليه مهر المثل بوطئها بعد الحرمة ولا حد عليه ويثبت النسب
كتاب النكاح، فصل في المحرمات، ج:3، ص:37
کما فی محیط البرھانی :
قال أصحابنا رحمهم الله: لثبوت النسب مراتب ثلاثة
أحدها: النكاح الصحيح وما هو من معناه في الزواج الفاسد، والحكم فيه أنه يثبت النسب من غير دعوى۔
کتاب النکاح /الفصل السابع عشر في ثبوت النسب/ج3/ص123

Answering Mufti
محترم مفتی محمد عامر رزاق صاحب رکن عالمی مجلسِ مفتیانِ کرام، لاہور (رجسٹرڈ)، پاکستان
علمی مراجعت
حیثیت منظور شدہ
یہ فتویٰ دارالافتاء کے علمی و اداری نظام کے تحت مرتب، مراجعہ اور منظور کیا گیا ہے۔
Categories نکاح و ازدواجی مسائل