خواتین کا سوشل میڈیا پر ویڈیوز، ریلز اور وعظ و نصیحت کرنا اور اس سے آمدنی حاصل کرنا
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ آج کل بعض خواتین فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، یوٹیوب وغیرہ پر ریلز اور ویڈیوز بناتی ہیں، بعض خواتین نقاب میں رہ کر مختلف موضوعات پر آگاہی دیتی ہیں، کھانے پکانے کی ترکیبیں بیان کرتی ہیں یا نماز، توکل اور دیگر دینی موضوعات پر وعظ و نصیحت کرتی ہیں، اور فالورز اور ویوز بڑھنے کے بعد ان ویڈیوز کے ذریعے آمدنی بھی حاصل کرتی ہیں۔
دریافت طلب امور یہ ہیں: عورت کا سوشل میڈیا پر ریلز اور ویڈیوز بنانا شرعاً کیسا ہے؟ اگرعورت نقاب میں ہو تو کیا اس کے لیے ویڈیو بنانا جائز ہوگا؟ عورت کا اپنی آواز کے ذریعے عمومی طور پر مرد و عورت سب کو وعظ و نصیحت کرنا کیسا ہے؟ اگر ویڈیو میں دینی بات، نماز، توکل، اصلاح یا کھانے کی ترکیب جیسے مباح موضوعات ہوں تو کیا حکم مختلف ہوگا؟ ایسی ویڈیوز سے حاصل ہونے والی آمدنی کا کیا حکم ہے؟ شرعی رہنمائی فرمائیں۔
صورتِ مسئولہ میں فقہائے احناف کے راجح قول کے مطابق عورت کی آواز بذاتِ خود ستر نہیں، تاہم نامحرم مردوں کے سامنے بلا ضرورت آواز عام کرنا، یا نرم، دلکش اور پرکشش انداز میں گفتگو کرنا جائز نہیں، خصوصاً جب فتنہ کا اندیشہ ہو۔ اسی طرح جوان عورت کا چہرہ اگرچہ بذاتِ خود ستر نہیں، لیکن فتنہ کے خوف سے فقہاء نے اسے نامحرم مردوں کے سامنے ظاہر کرنے سے منع فرمایا ہے۔ لہٰذا صرف نقاب پہن لینے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو بنانا جائز نہیں ہوجاتا، کیونکہ نقاب کے باوجود آواز، اندازِ گفتگو، حرکات، شخصیت کی نمائش اور نامحرم مردوں کی توجہ جیسے دوسرے پہلو باقی رہتے ہیں۔ موجودہ سوشل میڈیا میں ویڈیوز اور ریلز عام طور پر مرد و عورت سب کے لیے دستیاب ہوتی ہیں، انہیں بار بار دیکھا، محفوظ اور شیئر کیا جاسکتا ہے، اس لیے بلا ضرورت عورت کا اپنی آواز اور شخصیت کو اس طرح عام کرنا شرعاً درست نہیں۔ اگر ویڈیو کا موضوع دینی نصیحت، نماز، توکل، کھانے کی ترکیب یا کوئی اور جائز بات ہو تب بھی محض اچھا مقصد ناجائز طریقے کو جائز نہیں بناتا۔ البتہ عورت کا دوسری عورتوں کو دین سکھانا، وعظ و نصیحت کرنا اور مفید باتیں بتانا جائز ہے، لہٰذا خواتین کی مخصوص مجلس، مدرسہ، بند آن لائن گروپ یا ایسے محدود ذرائع میں جہاں نامحرم مردوں کی رسائی نہ ہو، شرعی حدود کے ساتھ تعلیم و نصیحت کی جاسکتی ہے۔ اسی طرح ایسی ویڈیوز سے حاصل ہونے والی آمدنی کا حکم بھی اصل کام کے تابع ہوگا اگر کام جائز ہو تو آمدنی جائز ہوگی، اور اگر کمائی کا مدار ہی کسی ناجائز عمل پر ہو تو اسے ذریعۂ آمدن بنانا درست نہیں۔ لہٰذا عمومی سوشل میڈیا پر عورت کا اپنی ریلز اور ویڈیوز کے ذریعے آواز اور شخصیت کو نامحرم مردوں کے سامنے عام کرنا، بالخصوص جب اس میں شہرت، زینت، موسیقی، پرکشش انداز یا فتنہ کے دوسرے اسباب بھی شامل ہوں، شرعاً درست نہیں۔ فقط، واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب۔
عورت کی آواز اور فتنہ سے متعلق قرآنی دلیل
قال الله تعالى:
يا نساء النبي لستن كأحد من النساء إن اتقيتن فلا تخضعن بالقول فيطمع الذي في قلبه مرض وقلن قولا معروفا
(سورة الأحزاب: 32)
امام طبری رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
فلا تلن بالقول للرجال فيما يرجون به منكن ما يرجو أهل الفاحشة من النساء
اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے منقول ہے:
لا ترخصن بالقول ولا تخضعن بالكلام
(تفسير الطبري، ط التركي، ج 19، ص 94، تفسير سورة الأحزاب: 32)
عورت کی آواز بذات خود ستر نہ ہونے، مگر فتنہ کی وجہ سے ممانعت
علامہ ابن عابدین شامی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
وفي الحلية: والأشبه أن صوتها ليس بعورة، وهو الذي ينبغي اعتماده كما في النهر
اور اسی مقام پر عورت کی آواز کے فتنہ سے متعلق نقل فرماتے ہیں:
لا نجيز لهن رفع أصواتهن ولا تمطيطها ولا تليينها وتقطيعها؛ لما في ذلك من استمالة الرجال إليهن وتحريك الشهوات منهم
(رد المحتار على الدر المختار، ط الحلبي، ج 1، ص 406، مطلب في ستر العورة)
البحر الرائق کی صریح عبارت
علامہ ابن نجیم مصری رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
الأشبه أن صوتها ليس بعورة، وإنما يؤدي إلى الفتنة، ولهذا منعت من رفع صوتها بالتلبية، ولا يلزم من حرمة رفع صوتها بحضرة الأجانب أن يكون عورة
(البحر الرائق شرح كنز الدقائق، ج 1، ص 285)
عورت کا بلند آواز سے تلبیہ کہنا
رد المحتار میں ہے:
ولا تلبي جهرا، بل تسمع نفسها دفعا للفتنة؛ وما قيل إن صوتها عورة ضعيف
(رد المحتار على الدر المختار، ج 2، ص 528، كتاب الحج)
جوان عورت کا اجنبی مردوں کے سامنے چہرہ ظاہر کرنا
علامہ ابن عابدین رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
وتمنع المرأة الشابة من كشف الوجه بين رجال، لا لأنه عورة، بل لخوف الفتنة
(رد المحتار، ج 1، ص 406)
البحر الرائق میں چہرے کا حکم
علامہ ابن نجیم رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
قال مشايخنا: تمنع المرأة الشابة من كشف وجهها بين الرجال في زماننا للفتنة
(البحر الرائق، ج 1، ص 284)
اجنبی مردوں کے سامنے چہرہ ظاہر کرنے سے ممانعت
رد المحتار میں المحيط اور الخانية کے حوالہ سے ہے:
المرأة منهية عن إظهار وجهها للأجانب بلا ضرورة
(رد المحتار، ج 2، ص 528)
زینت اور اس کے اظہار سے متعلق قرآنی حکم
قال الله تعالى: وقل للمؤمنات يغضضن من أبصارهن ويحفظن فروجهن ولا يبدين زينتهن إلا ما ظهر منها وليضربن بخمرهن على جيوبهن ... ولا يضربن بأرجلهن ليعلم ما يخفين من زينتهن
(سورة النور: 31)
تبرج سے ممانعت
قال الله تعالى: وقرن في بيوتكن ولا تبرجن تبرج الجاهلية الأولى
(سورة الأحزاب: 33)
حجاب اور طہارت قلوب
قال الله تعالى: وإذا سألتموهن متاعا فاسألوهن من وراء حجاب ذلكم أطهر لقلوبكم وقلوبهن
(سورة الأحزاب: 53)
پردے سے متعلق آیت جلباب
قال الله تعالى: يا أيها النبي قل لأزواجك وبناتك ونساء المؤمنين يدنين عليهن من جلابيبهن ذلك أدنى أن يعرفن فلا يؤذين وكان الله غفورا رحيما
(سورة الأحزاب: 59)
عورتوں کے فتنہ کے متعلق حدیث
عن أسامة بن زيد رضي الله عنهما، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال:
ما تركت بعدي فتنة أضر على الرجال من النساء
(صحيح البخاري، كتاب النكاح، باب ما يتقى من شؤم المرأة، حديث: 5096؛ صحيح مسلم، حديث: 2740)
عورت کے خروج اور فتنہ سے متعلق حدیث
عن عبد الله بن مسعود رضي الله عنه، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال:
المرأة عورة، فإذا خرجت استشرفها الشيطان
(جامع الترمذي، كتاب الرضاع؛ صحيح ابن خزيمة، حديث: 1685-1686؛ صحيح ابن حبان، حديث: 5598)
خواتین کے لیے مستقل تعلیم کی مجلس
عن أبي سعيد الخدري رضي الله عنه:
قالت النساء للنبي صلى الله عليه وسلم: غلبنا عليك الرجال، فاجعل لنا يوما من نفسك، فوعدهن يوما لقيهن فيه، فوعظهن وأمرهن
(صحيح البخاري، كتاب العلم، باب هل يجعل للنساء يوم على حدة في العلم، حديث: 101)
یہ حدیث خواتین کی علیحدہ تعلیم و نصیحت کے جواز کی اصل ہے۔
تصویر ذی روح کے متعلق فقہی عبارت
علامہ ابن عابدین رحمہ اللہ نے تصویر کی حرمت کی علت ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے:
علة حرمة التصوير المضاهأة لخلق الله تعالى
(رد المحتار، ج 1، ص 647)
معصیت پر اجرت کا حکم
امام سرخسی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
ولا تجوز الإجارة على شيء من الغناء والنوح والمزامير، وشيء من الملاهي؛ لأنه معصية، والاستئجار على المعاصي باطل
(المبسوط للسرخسي، ج 16، ص 38، كتاب الإجارات)
ریا اور طلب شہرت کے متعلق حدیث
قال رسول الله صلى الله عليه وسلم "من سمع سمع الله به. ومن راءى راءى الله به".
(ج4 - ص2289 - كتاب صحيح مسلم ت عبد الباقي - باب من أشرك في عمله غير الله وفي نسخة باب تحريم الرياء)
فقط، واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب