Home ← Fatwas ← DAB-F-000083
DAB-F-000083
28-10-2026
دارالافتاء البیان پشاور
دارالافتاء البیان پشاور Dar-ul-Ifta Al-Bayan Peshawar
فتویٰ نمبر DAB-F-000083
تاریخِ اشاعت 28-10-2026
Fatwa No. DAB-F-000083
Published 28-10-2026
A translation is not available in this language; the original Urdu text is shown.

خنثی جانور کی قربانی کا حکم

اگر قربانی کا جانور خنثیٰ ہو، یعنی اس میں نر اور مادہ دونوں کی علامات پائی جاتی ہوں، تو ایسے جانور کی قربانی کا شرعاً کیا حکم ہے؟

الجواب حامداً ومصلياً: واضح رہے کہ فقہائے احناف کے نزدیک خنثی جانور (یعنی ایسا جانور جس میں نر اور مادہ دونوں کی علامات پائی جائیں، یا نر اور مادہ کا امتیاز نہ ہوسکے۔) کی قربانی درست نہیں، اس لیے کہ جانور کا خنثی ہونا ایک ایسا عیب ہے جو قربانی کی صحت کے لیے مانع ہوتا ہے۔ لہٰذا قربانی کے لیے ایسا جانور منتخب کرنا چاہیے جس کی جنس بالکل واضح ہو۔ واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔

فتاوی حقانیہ میں لکھا ہے کہ:
جس جانور کے نر یا مادہ ہونے کی تمیز مشکل ہو اور دونوں کی علامات موجود ہوں تو چونکہ ایسے جانور کے گوشت کے اچھے اثرات مرتب نہیں ہوتےاس لیے ایسے جانور کی قربانی درست نہیں۔(فتاوٰی حقانیہ: 6/480)
فتاوی محمودیہ میں لکھا ہے کہ:
جس جانور میں نر اور مادہ دونوں کی علامتیں موجود نہ ہوں، یا دونوں کی علامت ہو وہ خنثی ہے اس کی قربانی نہ کی جائے۔(فتاوی محمودیہ: خنثی بکری کی قربانی: 17/379)
احسن الفتاوی میں لکھا ہے کہ:
(خنثی جانور کی قربانی)جائز نہیں۔(احسن الفتاوٰی: 7/501)کذا فی ’’قربانی کے مسائل کا انسائیکلوپیڈیا:67‘‘

لا تجوز التضحية بالشاة الخنثى؛ لأن لحمها لا ينضج.(الفتاوى الهندية: كتاب الأضحية وفيه تسعة أبواب: الباب الخامس في بيان محل إقامة الواجب: 5/ 299)

قال العلامة الحصكفي في الدر المختار: ولا بالخنثى لأن لحمها لا ينضج شرح وهبانية، وتمامه فيه.
وفي ردالمحتار: (قوله لأن لحمها لا ينضج) من باب سمع. وبهذا التعليل اندفع ما أورده ابن وهبان من أنها لا تخلو إما أن تكون ذكرا أو أنثى، وعلى كل تجوز .(الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار): كتاب الأضحية: 6/ 325)

Answering Mufti
محترم مفتی محمد عمر صاحب مفتی و محقق، دارالافتاء البیان پشاور
علمی مراجعت
حیثیت منظور شدہ
یہ فتویٰ دارالافتاء کے علمی و اداری نظام کے تحت مرتب، مراجعہ اور منظور کیا گیا ہے۔
Categories قربانی کے احکام و مسائل