منفرد کے لیے اذان و اقامت کا شرعی حکم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! محترم مفتی صاحب! اگر کوئی شخص فرض نماز اکیلے ادا کر رہا ہو تو کیا اس کے لیے اقامت کہنا ضروری اور لازم ہے؟ اگر وہ اقامت کہے بغیر نماز پڑھ لے تو کیا اس کی نماز درست ہو جائے گی؟
الجواب بعون الوہاب و صلی اللہ علی النبی الہادی الامام
صورتِ مسئولہ میں اکیلے فرض نماز ادا کرنے والے شخص کے لیے اقامت کہنا فرض یا واجب نہیں، اور نہ ہی اقامت نماز کی صحت کے لیے شرط ہے لہٰذا اقامت کے بغیر نماز ادا کرنے سے نماز درست ہو جائے گی۔ البتہ اقامت کہنا افضل ہے، اور اس کے ترک کا حکم اس بات کے اعتبار سے مختلف ہوتا ہے کہ نماز پڑھنے والا مقیم ہے یا مسافر، نیز اس جگہ پہلے سے اذان و اقامت ہو چکی ہے یا نہیں۔
اس کی تفصیل درج ذیل ہے:
1۔ شہر یا ایسی بستی میں جہاں مسجد میں اذان و اقامت ہو چکی ہو:
اگر کوئی مقیم شخص شہر میں اپنے گھر، دکان، دفتر یا ایسی جگہ جہاں تک محلے کی اذان پہنچتی ہو، اکیلے فرض نماز ادا کرے اور اس محلے کی مسجد میں اس نماز کی اذان و اقامت ہو چکی ہو تو اس کے لیے اذان اور اقامت دونوں چھوڑ دینا بلاکراہت جائز ہےکیونکہ محلے کے مؤذن کی اذان و اقامت اہلِ محلہ سب کی طرف سے کافی ہو جاتی ہے۔ تاہم اگر وہ خود اذان اور اقامت کہہ لے تو یہ بہتر اور باعثِ فضیلت ہے۔ اس حکم کے لیے اذان کا خود سننا ضروری نہیں۔
2۔ مسافر یا ایسی جگہ جہاں محلے کی اذان و اقامت موجود نہ ہو:
مسافر اگر تنہا فرض نماز ادا کرے تو اس کے لیے اذان چھوڑنے میں حرج نہیں، لیکن اقامت چھوڑنا مکروہ ہے۔ اسی طرح ایسی بستی جہاں مسجد نہ ہو، یا ایسی جگہ جہاں اس نماز کی اذان و اقامت نہ ہوئی ہو، یا کھیت و باغ وغیرہ اتنی دور ہوں کہ محلے کی اذان وہاں تک نہ پہنچتی ہو، وہاں بھی اقامت کا اہتمام کرنا چاہیے۔ ایسی صورت میں اذان چھوڑنے میں حرج نہیں، لیکن اقامت چھوڑنا مکروہ ہے۔ بہتر یہ ہے کہ اذان اور اقامت دونوں کہے۔
3۔ ایسی مسجد میں جہاں جماعت ہو چکی ہو:
اگر کوئی شخص ایسی مسجد میں پہنچے جہاں اس نماز کی جماعت ہو چکی ہو اور وہ اکیلے نماز ادا کرنا چاہے تو وہ دوبارہ اذان و اقامت نہ کہے، بلکہ اکیلے نماز پڑھ لے۔ اسی مسجد میں دوبارہ اذان و اقامت کے ساتھ جماعت قائم کرنا مکروہ ہے۔
1۔ مقیم کے لیے محلے کی اذان و اقامت کا کافی ہونا
امام سرخسی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
قال (فإن صلى رجل في بيته فاكتفى بأذان الناس وإقامتهم أجزأه) لما روي أن ابن مسعود - رضي الله تعالى عنه - صلى بعلقمة والأسود في بيت فقيل له ألا تؤذن فقال أذان الحي يكفينا وهذا بخلاف المسافر فإنه يكره له تركهما وإن كان وحده؛ لأن المكان الذي هو فيه لم يؤذن فيه لتلك الصلاة فأما هذا الموضع الذي فيه المقيم أذن وأقيم فيه لهذه الصلاة فله أن يتركهما. قال (وإن أذن وأقام فهو حسن).
ترجمہ: اگر کوئی شخص اپنے گھر میں نماز پڑھے اور لوگوں کی اذان و اقامت پر اکتفا کرے تو یہ اس کے لیے کافی ہے۔ اس لیے کہ حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے حضرت علقمہ اور حضرت اسود کو گھر میں نماز پڑھائی، تو ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے اذان کیوں نہیں دی؟ انہوں نے فرمایا: محلے کی اذان ہمارے لیے کافی ہے۔ یہ حکم مسافر کے برخلاف ہے کیونکہ مسافر جس جگہ نماز پڑھ رہا ہو وہاں اس نماز کے لیے اذان نہیں ہوئی ہوتی، جبکہ مقیم کے علاقے میں اس نماز کی اذان و اقامت ہو چکی ہوتی ہے، اس لیے وہ دونوں چھوڑ سکتا ہے۔ البتہ اگر خود اذان اور اقامت کہہ لے تو یہ بھی اچھا ہے۔
(المبسوط للسرخسي، 1/133، كتاب الصلاة، باب الأذان)
امام کاسانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
وأما المسافر إذا كان وحده فإن ترك الأذان فلا بأس به، وإن ترك الإقامة يكره، والمقيم إذا كان يصلي في بيته وحده فترك الأذان والإقامة لا يكره.
ترجمہ: مسافر اگر اکیلا ہو تو اذان چھوڑ دے تو کوئی حرج نہیں، لیکن اقامت چھوڑے تو مکروہ ہے۔ اور مقیم اگر اپنے گھر میں اکیلے نماز پڑھ رہا ہو تو اذان اور اقامت دونوں چھوڑنے میں کراہت نہیں۔
(بدائع الصنائع، 1/153، كتاب الصلاة، فصل بيان محل وجوب الأذان)
2۔ مؤذنِ محلہ کی اذان و اقامت تمام اہلِ محلہ کی طرف سے کافی ہونے کی علت
محيط برہانی میں ہے:
ولأن مؤذن الحي نائب عن أهل المحلة في الأذان والإقامة؛ لأنهم هم الذين نصبوه لها، فكان نائباً عنهم، فيكون الأذان والإقامة من المؤذن كأذان الكل بالكل وإقامتهم من حيث الحكم والاعتبار.
ترجمہ: محلے کا مؤذن اذان و اقامت کے معاملے میں اہلِ محلہ کا نائب ہوتا ہے، کیونکہ اہلِ محلہ ہی نے اسے اس کام کے لیے مقرر کیا ہے؛ لہٰذا اس کی اذان و اقامت حکماً اور اعتباراً تمام اہلِ محلہ کی اذان و اقامت شمار ہوتی ہے۔
(المحيط البرهاني، 1/350، كتاب الصلاة)
3۔ مسافر اور مقیم کے حکم میں فرق
فتح القدیر میں ہے:
(قوله فإن تركهما يكره) لأنه مخالف للأمر المذكور في حديث مالك بن الحويرث، ولأن السفر لا يسقط الجماعة فلا يسقط لوازمها الشرعية: أعني دعاءهم، فالترك للكل حينئذ ترك للجماعة صورة وتشبها إن كان منفردا، أو ترك لمجموع لوازمها إن كانت بجماعة من غير ضرورة وذلك مكروه، بخلاف تاركهما في بيته في المصر حيث لا يكره لأن أذان المحلة وإقامتها كأذانه وإقامته.
ترجمہ: مسافر کے لیے اذان و اقامت دونوں چھوڑنا مکروہ ہے، کیونکہ یہ حضرت مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ کی حدیث میں وارد حکم کے خلاف ہے۔ نیز سفر جماعت کو ساقط نہیں کرتا، لہٰذا اس کے لوازم بھی ساقط نہیں ہوتے۔ اس کے برخلاف شہر میں اپنے گھر نماز پڑھنے والے کے لیے دونوں چھوڑنا مکروہ نہیں، کیونکہ محلے کی اذان و اقامت اس کی اپنی اذان و اقامت کے قائم مقام ہے۔
(فتح القدير، 1/255، كتاب الصلاة، باب الأذان)
4۔ درمختار اور رد المحتار کی تصریح
علامہ حصکفی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
(وكره تركهما) معا (لمسافر) ولو منفردا (وكذا تركها) لا تركه لحضور الرفقة (بخلاف مصل) ولو بجماعة (وفي بيته بمصر) أو قرية لها مسجد؛ فلا يكره تركهما إذ أذان الحي يكفيه.
ترجمہ: مسافر کے لیے اذان و اقامت دونوں چھوڑنا مکروہ ہے، اگرچہ وہ اکیلا ہو۔ اسی طرح اقامت چھوڑنا بھی مکروہ ہے، جبکہ اذان چھوڑنے میں حرج نہیں۔ اس کے برخلاف شہر میں اپنے گھر نماز پڑھنے والے کے لیے دونوں چھوڑنا مکروہ نہیں، بشرطیکہ ایسی بستی میں ہو جہاں مسجد ہوکیونکہ محلے کی اذان اس کے لیے کافی ہے۔
علامہ ابن عابدین شامی رحمہ اللہ اس کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
(قوله: في بيته) أي فيما يتعلق بالبلد من الدار والكرم وغيرهما قهستاني. وفي التفاريق: وإن كان في كرم أو ضيعة يكتفي بأذان القرية أو البلدة إن كان قريبا وإلا فلا. وحد القرب أن يبلغ الأذان إليه منها اهـ إسماعيل. والظاهر أنه لا يشترط سماعه بالفعل، تأمل.
ترجمہ: یہاں گھر سے مراد شہر کے تابع مقامات بھی ہیں، مثلاً باغ وغیرہ۔ اگر کوئی شخص باغ یا کھیت میں ہو تو قریب ہونے کی صورت میں گاؤں یا شہر کی اذان اس کے لیے کافی ہے، اور قریب ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہاں کی اذان اس تک پہنچتی ہو۔ بظاہر اس کے لیے اذان کا بالفعل سننا شرط نہیں۔
(الدر المختار مع رد المحتار، 1/394-395، كتاب الصلاة، باب الأذان)
5۔ فتاویٰ عالمگیری کی تصریح
فتاویٰ عالمگیری میں ہے:
ولا يكره تركهما لمن يصلي في المصر إذا وجد في المحلة ولا فرق بين الواحد والجماعة. هكذا في التبيين والأفضل أن يصلي بالأذان والإقامة كذا في التمرتاشي، وإذا لم يؤذن في تلك المحلة يكره له تركهما، ولو ترك الأذان وحده لا يكره، كذا في المحيط، ولو ترك الإقامة يكره.
ترجمہ: شہر میں نماز پڑھنے والے کے لیے اذان و اقامت چھوڑنا مکروہ نہیں، جبکہ محلے میں اذان و اقامت موجود ہو؛ اس معاملے میں اکیلے اور جماعت کے درمیان فرق نہیں۔ تاہم اذان و اقامت کے ساتھ نماز پڑھنا افضل ہے۔ اور اگر محلے میں اذان نہ ہوئی ہو تو دونوں چھوڑنا مکروہ ہے۔ صرف اذان چھوڑنے میں کراہت نہیں، لیکن اقامت چھوڑنا مکروہ ہے۔
(الفتاوى العالمكيرية، 1/53-54، كتاب الصلاة، الباب الثاني في الأذان)
6۔ اقامت کے استحباب اور منفرد کے حکم کی وضاحت
علامہ طحطاوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
وكذا الإقامة سنة مؤكدة في قوة الواجب لقول النبي ﷺ: إذا حضرت الصلاة فليؤذن لكم أحدكم وليؤمكم أكبركم.
اور اسی مقام پر منفرد کے متعلق لکھتے ہیں:
إتيان المنفرد به على سبيل الأفضلية فلا يسن في حقه مؤكدا والمكروه له ترك الأذان والإقامة معا حتى لو ترك الأذان وأتى بالإقامة لا يكره كما في البحر.
ترجمہ: اقامت بھی سنتِ مؤکدہ ہے، جو قوت کے اعتبار سے واجب کے قریب ہے۔ تاہم منفرد کا اذان و اقامت کہنا افضلیت کے طور پر ہے، اس کے حق میں سنتِ مؤکدہ کی طرح مؤکد نہیں۔ اور اس کے لیے اذان و اقامت دونوں کو بیک وقت چھوڑنا مکروہ ہے؛ چنانچہ اگر اذان چھوڑ دے اور صرف اقامت کہہ لے تو کراہت نہیں۔
(حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح، ص 194، كتاب الصلاة، باب الأذان)
7۔ مسافر کے لیے اذان و اقامت کا حکم اور حدیث
صحیح بخاری میں حضرت مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
عن مالك بن الحويرث قال: أتى رجلان النبي ﷺ يريدان السفر، فقال النبي ﷺ: «إذا أنتما خرجتما، فأذنا، ثم أقيما، ثم ليؤمكما أكبركما».
ترجمہ: حضرت مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ دو آدمی سفر کے ارادے سے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ ﷺ نے فرمایا: جب تم دونوں سفر کے لیے نکلو تو اذان کہنا، پھر اقامت کہنا، پھر تم میں سے جو عمر میں بڑا ہو وہ امامت کرائے۔
(صحيح البخاري، 1/226، ح 604، كتاب الأذان، باب الأذان للمسافر إذا كانوا جماعة والإقامة)
8۔ اکیلے اذان دینے اور نماز پڑھنے کی فضیلت
سنن نسائی میں حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
يعجب ربك من راعي غنم في رأس شظية الجبل، يؤذن بالصلاة ويصلي، فيقول الله عز وجل: انظروا إلى عبدي هذا يؤذن ويقيم الصلاة؛ يخاف مني، قد غفرت لعبدي وأدخلته الجنة.
ترجمہ: تمہارا رب پہاڑ کی چوٹی پر بکریاں چرانے والے اس چرواہے سے خوش ہوتا ہے جو نماز کے لیے اذان دیتا ہے اور نماز پڑھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میرے اس بندے کو دیکھو، یہ اذان دیتا ہے اور نماز قائم کرتا ہے، مجھ سے ڈرتا ہے؛ میں نے اپنے بندے کو بخش دیا اور اسے جنت میں داخل کر دیا۔
(سنن النسائي، 2/38، ح 666، كتاب الأذان، باب الأذان لمن يصلي وحده)