ہوم ← فتاویٰ ← DAB-F-000047
DAB-F-000047
09-10-2026
دارالافتاء البیان پشاور
دارالافتاء البیان پشاور Dar-ul-Ifta Al-Bayan Peshawar
فتویٰ نمبر DAB-F-000047
تاریخِ اشاعت 09-10-2026
فتویٰ نمبر DAB-F-000047
تاریخِ اشاعت 09-10-2026

نیند کی حالت میں بچے کو دودھ پلانے سے حرمتِ رضاعت اور نکاح کا حکم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترم مفتی صاحب! مسئلہ یہ دریافت کرنا ہے کہ مشترکہ خاندانی نظام میں یا کسی شادی وغیرہ کی تقریب کے موقع پر اگر ایک عورت نیند کی حالت میں اپنے بچے کا گمان کرتے ہوئے قریب موجود کسی دوسرے بچے کو دودھ پلا دے، اور بعد میں اسے بتایا جائے کہ اس نے اپنے بچے کے بجائے دوسرے بچے کو دودھ پلایا تھا، جبکہ وہ عورت کہتی ہو کہ اسے اس وقت شعور نہیں تھا، تو ایسی صورت میں شرعاً رضاعت ثابت ہوگی یا نہیں؟ نیز اگر بعد میں ان بچوں کے درمیان نکاح کا رشتہ زیرِ غور ہو تو کیا ان کا باہمی نکاح جائز ہوگا یا حرمتِ رضاعت کی وجہ سے ناجائز ہوگا؟ براہِ کرم شرعی رہنمائی فرمائیں۔

الجواب بعون الوهاب وصلى الله على النبي الهادي الإمام:
صورتِ مسئولہ میں اگر شرعی طور پر یہ ثابت ہوجائے کہ مذکورہ بچے نے مدتِ رضاعت کے اندر، یعنی امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے قول کے مطابق ڈھائی سال (تیس قمری ماہ) کی عمر مکمل ہونے سے پہلے اس عورت کا دودھ پیا اور دودھ اس کے پیٹ میں پہنچ گیا، تو حرمتِ رضاعت ثابت ہوجائے گی۔ عورت کے نیند میں ہونے یا بلاارادہ دودھ پلانے سے حکم میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔اس صورت میں دودھ پلانے والی عورت اس بچے کی رضاعی ماں اور اس کے بچے مذکورہ بچے کے رضاعی بہن بھائی بن جائیں گے، لہٰذا ان کے درمیان نکاح جائز نہیں ہوگا۔ البتہ دودھ پینے والے بچے کے دوسرے بہن بھائی، جنہوں نے اس عورت کا دودھ نہیں پیا، محض اس وجہ سے اس عورت کے بچوں کے رضاعی بہن بھائی نہیں بنیں گے۔تاہم محض شک یا ایک عورت کے بیان کی بنیاد پر حرمتِ رضاعت کا قطعی حکم نہیں لگایا جائے گا، بلکہ رضاعت کا شرعی طور پر ثابت ہونا ضروری ہے۔ لہٰذا پہلے واقعہ کی اچھی طرح تحقیق کرلی جائے؛ اگر رضاعت شرعاً ثابت ہوجائے تو مذکورہ رضاعی بہن بھائیوں کا آپس میں نکاح جائز نہیں ہوگا۔
فقط والله تعالى أعلم بالصواب

کما في الحديث:
فقال رسول الله ﷺ: (نعم، إن الرضاعة تحرم ما يحرم من الولادة).
ترجمہ: رضاعت سے وہ تمام رشتے حرام ہوجاتے ہیں جو نسب و ولادت کی وجہ سے حرام ہوتے ہیں۔
(ج2 - ص936 - كتاب صحيح البخاري ت البغا - باب الشهادة على الأنساب والرضاع المستفيض والموت القديم)

وقال الكمال بن الهمام في فتح القدير:
قليل الرضاع وكثيره سواء إذا حصل في مدة الرضاع تعلق به التحريم.
ترجمہ: رضاعت تھوڑی ہو یا زیادہ، جب مدتِ رضاعت کے اندر ہو تو اس سے حرمت ثابت ہوجاتی ہے۔
(ج3 - ص438 - كتاب فتح القدير للكمال بن الهمام ط الحلبي - كتاب الرضاع)
وإذا حلب لبن المرأة بعد موتها فأوجر الصبي تعلق به التحريم
ترجمہ: اگر عورت کے انتقال کے بعد اس کا دودھ نکال کر بچے کے حلق میں ڈالا جائے تو اس سے بھی حرمتِ رضاعت ثابت ہوجاتی ہے۔
(اج3 - ص438 - كتاب فتح القدير للكمال بن الهمام ط الحلبي - كتاب الرضاع)

وفي المختصر القدوري:
وكل صبيين اجتمعا على ثدي واحد لم يجز لأحدهما أن يتزوج بالآخر
ترجمہ: دو بچے جنہوں نے ایک ہی عورت کا دودھ پیا ہو، ان میں سے کسی ایک کے لیے دوسرے سے نکاح کرنا جائز نہیں۔
(ص152 - كتاب مختصر القدوري - كتاب الرضاع )

(كتاب الرضاع) قليل الرضاع وكثيره إذا حصل في مدة الرضاع تعلق به التحريم كذا في الهداية. قال في الينابيع. والقليل مفسر بما يعلم أنه وصل إلى الجوف كذا في السراج الوهاج
ترجمہ: مدتِ رضاعت میں تھوڑا یا زیادہ دودھ پینے سے حرمت ثابت ہوجاتی ہے، اور تھوڑے دودھ سے مراد اتنی مقدار ہے جس کے بارے میں معلوم ہو کہ وہ بچے کے پیٹ تک پہنچ گئی ہے۔
(ج1 - ص342 - كتاب الفتاوى العالمكيرية الفتاوى الهندية - كتاب الرضاع)
فقط والله اعلم بالصواب

جواب دینے والے مفتی
محترم مفتی نجیب اللہ حقانی صاحب رکن عالمی مجلسِ مفتیانِ کرام، لاہور (رجسٹرڈ)، پاکستان
علمی مراجعت
حیثیت منظور شدہ
یہ فتویٰ دارالافتاء کے علمی و اداری نظام کے تحت مرتب، مراجعہ اور منظور کیا گیا ہے۔
موضوعات احکامِ رضاعت