ہوم ← فتاویٰ ← DAB-F-000063
DAB-F-000063
16-10-2026
دارالافتاء البیان پشاور
دارالافتاء البیان پشاور Dar-ul-Ifta Al-Bayan Peshawar
فتویٰ نمبر DAB-F-000063
تاریخِ اشاعت 16-10-2026
فتویٰ نمبر DAB-F-000063
تاریخِ اشاعت 16-10-2026

تبلیغی جماعت والوں کا مرکز کے تابع ہونے کی بنا پر نماز میں قصر کرنے کا حکم

تبلیغی جماعت کے بعض افراد کسی ایک بستی میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ قیام کرتے ہیں، لیکن وہ کہتے ہیں کہ ہم مرکز کے تابع ہیں، مرکز والے جب بھی ہمیں واپس بلائے گا، ہم واپس جانے کے پابند ہیں؛ لہٰذا ہم مقیم نہیں بلکہ مسافر ہیں اور نماز میں قصر کریں گے۔

حالانکہ ہمارے علم کے مطابق اب تک ایسی کوئی مثال سامنے نہیں آئی کہ مرکز والوں نے کسی جماعت کو پندرہ دن یا اس سے زیادہ قیام کے دوران واپس بلایا ہو، اور نہ ہی واپسی کا کوئی متعین وقت معلوم ہوتا ہے۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا محض مرکز کے تابع ہونے اور کسی بھی وقت واپس بلائے جانے کے امکان کی وجہ سے وہ مسافر شمار ہوں گے، یا ایک ہی بستی میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ قیام کی نیت کرنے کی صورت میں ان پر اتمامِ نماز لازم ہوگا؟ براہِ کرم فقہِ حنفی کی روشنی میں جواب مرحمت فرمائیں۔

اگر کوئی مسافر کسی ایک شہر یا بستی میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ ٹھہرنے کی پکی نیت کرلے تو وہ مقیم ہوجاتا ہے اور چار رکعت والی فرض نماز پوری پڑھے گا۔ اگر ایک ہی شہر کی مختلف مسجدوں اور محلوں میں قیام کرے، تب بھی نماز پوری پڑھے گا، کیونکہ وہ ایک ہی شہر میں رہ رہا ہے۔ لیکن اگر وہ دو الگ الگ شہروں یا مستقل بستیوں میں قیام کرے تو دونوں جگہوں کی مدت کو ملا کر پندرہ دن شمار نہیں کیا جائے گا۔صورتِ مسئولہ میں یہ دیکھنا ضروری ہے کہ تبلیغی جماعت کے قیام کا فیصلہ کس طرح ہوتا ہے۔ اگر جماعت کسی ایک شہر یا ایک بستی میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ رہنے کا فیصلہ کرچکی ہو اور اس دوران مختلف مسجدوں میں قیام کرے، تو اس صورت میں نماز پوری پڑھنی ہوگی۔ صرف اس بات سے کہ مرکز کسی وقت واپس بلا سکتا ہے، یہ لازم نہیں آتا کہ جماعت مسافر ہی رہے گی کیونکہ واپس بلائے جانے کا امکان اور پندرہ دن قیام کی نیت نہ ہونا دو الگ الگ باتیں ہیں۔اس کے برعکس اگر جماعت کا صرف ایک ہفتے کا قیام طے ہوا ہو اور اگلے ہفتے کے قیام کا فیصلہ ابھی نہ ہوا ہو، بلکہ یہ فیصلہ بعد کے مشورے میں ہونا ہو کہ جماعت اسی شہر میں رہے گی یا کسی دوسری جگہ چلی جائے گی، تو اس صورت میں پندرہ دن ایک ہی شہر میں قیام کی نیت ثابت نہیں ہوگی، لہٰذا شرعی مسافر ہونے کی حالت میں قصر کرے گی۔اسی طرح یہ بات بھی تحقیق طلب ہے کہ جماعت کے افراد مرکزی مرکز یا امیرِ جماعت کے تابع شرعی طور پر شمار ہوتے ہیں یا نہیں۔ فقہِ حنفی میں بعض صورتوں میں تابع کی بجائے متبوع کی نیت کا اعتبار ہوتا ہے، لیکن محض انتظامی پابندی کی وجہ سے ہر صورت میں یہ حکم لگانا درست نہیں۔ اس لیے جماعت کے قیام کے طریقے، مشورے کے فیصلے اور افراد کی شرعی حیثیت کو سامنے رکھ کر حکم لگایا جائے گا۔لہٰذا حتمی حکم یہ ہے کہ اگر ایک ہی شہر یا ایک ہی بستی میں پندرہ دن یا زیادہ قیام کی نیت طے ہے تو نماز پوری پڑھی جائے گی، اور اگر پندرہ دن ایک ہی مقام پر قیام کی نیت نہیں ہے تو شرعی سفر کی حالت میں قصر کی جائے گی، الا یہ کہ کسی مقیم امام کی اقتداء میں نماز پڑھنی ہو تو ایسے میں چاہے وہ مدرک ہو یالاحق، امام کی اقتداء کی وجہ سے پوری نماز پڑھے گا۔ واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔

مفتی عبدالرحمن صاحب مدظلہ العالیہ فتاوٰی عباد الرحمن میں لکھتے ہیں کہ:
کسی ایک شہر میں 15 یا زیادہ ایام کی اقامت کی نیت کرنے سے مسافر آدمی مقیم ہوجاتا ہے۔۔۔ باقی یہ جو بات مشہور ہے کہ رائیونڈ مرکز والے جماعتوں کو کبھی بھی بلا سکتے ہیں اس لیے ان کی اقامت معتبر نہیں نہیں ہے، یہ حکم تب ہوتا اگر رائیونڈ کی بزرگوں کی طرف سے اس طرح کی ہدایت ہوتی۔ ہماری معلومات کے مطابق ایسی کوئی ہدایت نہیں ہوتی بلکہ ان کی طرف سے یہی حتمی فیصلہ ہوتا ہے کہ دی ہوئی تشکیل پوری کرنے کے بعد واپسی کرے تشکیل کے ایام مکمل کیے بغیر واپسی کی نہ ہدایت ہوتی (ہے) اور نہ اجازت۔ اور احتمال اگرچہ ہوتا ہے لیکن جماعت کے کام کی نوعیت ایسی نہیں ہے جس میں جہاد وقتال کی طرح امیر کی طرف سے رخ تبدیل کرنے یا واپسی کا حکم آنے کا غالب احتمال ہو۔(فتاوٰی عباد الرحمن: پندرہ دن یا زیادہ ایام کی تشکیل ایک ہی شہر میں ہو تو اتمام واجب ہے:3/46)

فتاوٰی حقانیہ میں لکھتے ہیں کہ: اگر شاگرد یا مرید کا سفری خرچہ استاد ومرشد برداشت کررہا ہو تو اس صورت میں شاگرد ومرید تابع ہوکر استاد کی نیت سے مقیم اور اس کی نیت سے مسافر ہوں گے ورنہ نہیں۔(فتاوٰی حقانیہ: سفر میں شاگرد یا مرید اپنے استاد اور مرشد کا تابع ہے: 3/367)

وأما بيان ما يبطل به حكم السفر فنقول : يبطل بما يضاده ،وينافيه ،وهو الإقامة ،لكن إنما تثبت الإقامة بأربعة أشياء: بصريح نية الإقامة، وبوجود الإقامة بطريق التبعية، وبالدخول في مصره، وبالعزم على العود إلى مصره. أما الأول إذا نوى المسافر إقامة خمسة عشر يوما في مكان يصلح للإقامة، فإنه يصير مقيما، فلا بد من ثلاثة أشياء: نية الإقامة ،ونية مدة الإقامة،والمكان الصالح للإقامة...فأما إذا نوى إقامة خمسة عشر يوما في موضعين، فإن كل واحد منهما أصلا بنفسه ،فلا يكون أحدهما تبعا للآخر. فإن نوى أن يقيم بمكة، ومنى، فإنه لا يصير مقيما، فأما إذا كان أحدهما تبعا للمصر حتى تجب الجمعة على من سكن هناك، فإنه يصير مقيما بنية إقامة خمسة عشر يوما في هذين الموضعين؛ لأنهما في الحكم كموضع واحد.(تحفة الفقهاء: باب صلاة المسافر:1/ 150)

قال - رحمه الله - (وتعتبر نية الإقامة والسفر من الأصل دون التبع)؛ لأن الأصل هو المتمكن من الإقامة والسفر دون التبع قال - رحمه الله - (كالمرأة والعبد والجندي) هذا تفسير التبع أي المرأة تبع للزوج والعبد تبع للمولى والجندي تبع للأمير والمرأة إنما تكون تبعا للزوج إذا وفاها مهرها المعجل وأما إذا لم يوف فلا تكون تبعا له قبل الدخول؛ لأنه لا يتمكن من السفر بها، وكذا بعده عند أبي حنيفة - رحمه الله -؛ لأن لها أن تمنع نفسها عنده والجندي إنما يكون تبعا للأمير إذا كان يرتزق من الأمير ومن الأتباع الأجير مع المستأجر والتلميذ مع أستاذه والمكره على السفر والأسير، ثم إذا لم يعلم التابع بنية المتبوع الإقامة لا يلزمه الإتمام حتى يعلم كما في توجه الخطاب الشرعي... (قوله دون التبع إلخ) أما إذا كان مضافا إليه لا يصير تبعا قاله العيني اه... (قوله لا يلزمه الإتمام) قال في الجوهرة، وهو الأصح اهـ.(تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق وحاشية الشلبي: باب صلاة المسافر: 1/ 216)

وكل من كان تبعا لغيره يلزمه طاعته يصير مقيما بإقامته ومسافرا بنيته وخروجه إلى السفر، كذا في محيط السرخسي فيصير الجندي مقيما في الفيافي بنية إقامة الأمير في المصر، كذا في الكافي في نواقض الوضوء الأصل أن من يمكنه الإقامة باختياره يصير مقيما بنية نفسه ومن لا يمكنه الإقامة باختياره لا يصير مقيما بنية نفسه حتى أن المرأة إذا كانت مع زوجها في السفر والرقيق مع مولاه والتلميذ مع أستاذه والأجير مع مستأجره والجندي مع أميره فهؤلاء لا يصيرون مقيمين بنية أنفسهم في ظاهر الرواية، كذا في المحيط.
ثم المرأة إنما تكون تبعا للزوج إذا أوفاها مهرها المعجل وأما إذا لم يوفها فلا تكون تبعا له قبل الدخول والجندي إنما يكون تبعا للأمير إذا كان يرزق من الأمير، كذا في التبيين، أما إذا كانت أرزاقهم من أموال أنفسهم فالعبرة لنيتهم، كذا في الظهيرية...إن لم يعلم التبع بإقامة الأصل قيل: يصير مقيما. وقيل لا يصير مقيما وهو الأصح؛ لأن في لزوم الحكم قبل العلم به حرجا وضررا وهو مدفوع شرعا. العبد إذا خرج مولاه سأله فإن لم يخبره أتم صلاته وإن صلى أربعا أياما ولم يقعد في الثانية ثم أخبره مولاه أنه قصد مسيرة سفر حين خرج الأصح أنه لا يعيدها لما بينا، كذا في محيط السرخسي.(الفتاوى الهندية: الباب الخامس عشر في صلاة المسافر: 1/ 141)

جواب دینے والے مفتی
محترم مفتی محمد عمر صاحب مفتی و محقق، دارالافتاء البیان پشاور
علمی مراجعت
حیثیت منظور شدہ
یہ فتویٰ دارالافتاء کے علمی و اداری نظام کے تحت مرتب، مراجعہ اور منظور کیا گیا ہے۔
موضوعات نماز