ہوم ← فتاویٰ ← DAB-F-000068
DAB-F-000068
17-10-2026
دارالافتاء البیان پشاور
دارالافتاء البیان پشاور Dar-ul-Ifta Al-Bayan Peshawar
فتویٰ نمبر DAB-F-000068
تاریخِ اشاعت 17-10-2026
فتویٰ نمبر DAB-F-000068
تاریخِ اشاعت 17-10-2026

تبلیغی جماعت کی تشکیل میں مختلف مقامات (ایک بستی یا متعدد دیہات) پر قیام کا حکمِ قصر و اتمام

فقہِ حنفی کی روشنی میں درج ذیل صورتوں میں قصر و اتمام کا شرعی حکم مع دلائل و جزئیات بیان فرمائیں:
پہلی صورت: تبلیغی جماعت والوں نے مسافتِ شرعی طے کرکے سفر کیا اور انہیں ایک ایسی بستی میں پچیس دن قیام کی تشکیل ملی جو شہر سے متصل اور عرفاً اس کے تابع ہے۔ ان کا قیام اسی بستی کی مختلف قریبی مساجد میں ہوگا، اور کوئی مسجد اس بستی سے باہر یا الگ واقع نہیں ہے۔ اس صورت میں قصر و اتمام کا مدار کس چیز پر ہوگا؟ کیا شہر سے اتصال اور اس کے تابع ہونے کی وجہ سے شہر اور بستی کو ایک شمار کیا جائے گا، یا بستی کی مستقل حیثیت کا اعتبار ہوگا؟ نیز پچیس دن قیام کی نیت سے نمازِ قصر یا اتمام کے حکم پر کیا اثر پڑے گا؟
دوسری صورت: اگر تبلیغی جماعت والوں کا ارادہ کسی ایک شہر یا اس کے توابع میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ قیام کرنے کا نہ ہو، بلکہ مختلف شہروں، بستیوں اور دیہات میں مجموعی طور پر پندرہ دن سے زیادہ ٹھہرنے کا ارادہ ہو، اور کسی ایک شہر یا شرعاً ایک شمار ہونے والی آبادی میں پندرہ دن قیام کی نیت نہ ہو، تو اس صورت میں قصر و اتمام کا کیا حکم ہوگا؟ کیا مختلف مقامات میں قیام کے دنوں کو جمع کرکے حکمِ اقامت متعین کیا جائے گا یا ہر مقام کا الگ اعتبار ہوگا؟
براہِ کرم دونوں صورتوں کا جواب فقہِ حنفی کی معتبر کتب کے حوالہ جات اور اصل عربی عبارات کے ساتھ مرحمت فرمائیں۔

تمہید کے طور پر جاننا چاہیے کہ اگر کوئی شرعی مسافر(چاہے فرد ہو یا جماعت) کسی ایک شہر یا ایک بستی میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ ٹھہرنے کی نیت کرے تو وہ مقیم ہوجاتا ہے اور چار رکعت والی فرض نماز پوری پڑھے گا۔ اگر وہ اسی شہر یا بستی کی مختلف مسجدوں میں قیام کرے تو اس سے اقامت والی حکم پر فرق نہیں پڑے گا۔لیکن اگر کسی ایک شہر یا کسی مستقل ایک بستی میں قیام کی نیت نہ ہو، بلکہ الگ الگ شہروں یا الگ الگ دیہات وبستیوں میں ٹھرنے کا ارادہ ہو اور عُرفاً ہر بستی دوسری بستی سے الگ وممتاز سمجھا جاتا ہو ، تو اس صورت میں وہ قصر ہی کرے گا الا یہ کہ کسی مقیم امام کی اقتداء میں نماز پڑھنے کی نوبت آجائے تو ایسے میں امام کی اقتداء کی وجہ سے پوری نماز پڑھنی ہوگی۔
اب مسئولہ صورتوں کا جواب ملاحظہ فرمائیں:
پہلی صورت: اگر تبلیغی جماعت کی تشکیل ایک ہی بستی میں پچیس دن کے لیے ہوئی ہے اور جماعت اسی بستی کی مختلف مسجدوں میں قیام کرے گی تو اس صورت میں پوری نماز پڑھنا لازم ہوگا، اس لیے کہ ایک ہی بستی میں پندرہ دن سے زیادہ قیام کی نیت موجود ہے، البتہ اگر کچھ دن شہر میں ٹھرنے کا ارادہ ہو اور کچھ دن دیہات یا بستی میں(مثلاً: پچیس دنوں میں سے تیرہ دن شہر میں ٹھرنا ہے اور بارہ دن دیہات یا بستی میں) تو ایسی صورت میں اقامت ثابت ہونے کے لیے ضروری ہے کہ وہ دیہات وبستی شہر کےمتصل و توابع میں سے ہو، کیونکہ اس صورت میں کسی ایک مقام پر مستقل پندرہ دن کی اقامت کی نیت نہیں پائی جاتی۔
دوسری صورت: اگر جماعت مختلف شہروں، دیہات اور بستیوں میں چند چند دن قیام کرے اور کسی ایک شہر یا بستی میں پندرہ دن یا زیادہ ٹھہرنے کی نیت نہ ہو تو مختلف مقامات کے قیام کے دن جمع نہیں کیے جائیں گے، بلکہ جماعت شرعی مسافر رہے گی اور چار رکعت والی فرض نماز میں قصر کرے گی۔ البتہ اگر کسی ایک مقام میں پندرہ دن یا زیادہ قیام کی نیت کرلے تو وہاں پوری نماز پڑھے گی۔اسی طرح اگر مسافر(چاہے فرد ہو یا جماعت) کسی مقیم امام کے پیچھے چار رکعت والی فرض نماز پڑھے تو امام کی اقتداء میں پوری نماز ادا کرے گا۔ واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔

خیر الفتاوٰی میں اسی طرح کا ایک سوال و جواب تحریر ہے کہ:
سوال: ہماری تبلیغی جماعت کی تشکیل ہوتی ہے۔
1- بسا اوقات ایک بڑے شہر میں ہم جاتے ہیں وہاں چھوٹی چھوٹی مسجدیں ہوتی ہیں اور پندرہ دن سے زیادہ اس شہر کے اندر رہنے کے ارادے سے جاتے ہیں تو اس شہر میں ایک مسجد سے دوسری مسجد میں جب جائیں گے تو قصر کریں یا نہیں؟
2- بسا اوقات ایک ایسے علاقے کی طرف تشکیل ہوتی ہے کہ اس میں چھوٹے چھوٹے دیہات ہوتے ہیں، اس پورے علاقے میں پندرہ دن سے زیادہ قیام کرتے ہیں لیکن کسی ایک دیہات میں پندرہ دن سے کم ٹھہرتے ہیں اور یہ دیہات کبھی تو ایک دوسرے سے آدھے میل کے فاصلے پر ہوتے ہیں اور کبھی ایک میل اور کبھی اس سے بھی زیادہ، تو اس علاقے میں ہم قصر کریں گے یا پوری نماز پڑھیں گے؟
جواب:1- اس صورت میں پندرہ دن قیام کی نیت کرنے پر اتمام کریں گے۔
2- قصر کریں گے۔
(خیر الفتاویٰ لخیر محمد جالندھریؒ، باب السفر 2/685)

فتاوٰی عثمانیہ پشاور میں لکھا ہے کہ: تبلیغی جماعت یا کوئی فرد اگر ایسے علاقے میں پندرہ دن یا اس سے زائد ٹھہرنے کی نیت کرے، جو عرف میں ایک علاقہ سمجھا جاتا ہو اور نام بھی ایک ہو یا ایک ہی شہر کے اندر مختلف علاقوں اور مقامات میں ٹھہرنے کی ترتیب ہو، تو پھر یہ جماعت یا فرد اتمام کرے گا۔ کیونکہ یہ علاقہ یا شہر اس کے لیے وطنِ اقامت کی حیثیت رکھتا ہے۔البتہ اگر علاقہ ایک نہ ہو بلکہ عرف میں ہر بستی دوسری بستی سے الگ سمجھی جاتی ہو اور ہر علاقے کا نام بھی الگ ہو، تو پھر مسافر کے حکم میں شمار ہو کر جماعت یا فرد قصر کرے گا۔
دراصل جہاں کہیں سارے علاقے ایک ہی نام سے موسوم ہوتے ہیں، وہ ایک دوسرے کے تابع ہوا کرتے ہیں، اور جہاں ہر علاقہ مستقل حیثیت رکھتا ہو اور مستقل نام ہو، تو وہ کسی اور علاقے کا تابع نہیں ہوتا۔ کئی ساری بستیاں اور علاقے جو ایک دوسرے کے تابع ہوں، ایک ہی علاقہ شمار کیا جاتا ہے۔چونکہ کراچی شہر کے تمام مقامات کراچی کے تابع ہیں، تو پورا کراچی ایک ہی علاقہ شمار ہوگا، اس لیے تبلیغی جماعت کی تشکیل اگر پندرہ یوم یا اس سے زائد ہو تو وہ اتمام کریں گے۔(فتاوٰی عثمانیہ پشاور: 3/80)

ولو أن خراسانيا أوطن الكوفة والحيرة عشرين يوما صلى ركعتين؛ لأنه نوى الإقامة في الموضعين، وإنما تعتبر نية الإقامة في موضع واحد إلا أن يكون نوى أن يكون بالليل بالحيرة وبالنهار بالكوفة فحينئذ يصير مقيما إذا انتهى إلى الحيرة؛ لأن موضع إقامة المرء حيث يبيت فيه.( المبسوط للسرخسي: اقتداء المسافر بالمقيم في الصلاة: 2/ 108)

ولو نوى الإقامة خمسة عشر يوما في موضعين فإن كان كل منهما أصلا بنفسه نحو مكة ومنى والكوفة والحيرة لا يصير مقيما وإن كان أحدهما تبعا للآخر حتى تجب الجمعة على سكانه يصير مقيما.(الفتاوى الهندية: الباب الخامس عشر في صلاة المسافر]: 1/ 140)

(وأما) اتحاد المكان: فالشرط نية مدة الإقامة في مكان واحد؛ لأن الإقامة قرار والانتقال يضاده ولا بد من الانتقال في مكانين وإذا عرف هذا فنقول: إذا نوى المسافر الإقامة خمسة عشر يوما في موضعين فإن كان مصرا واحدا أو قرية واحدة صار مقيما؛ لأنهما متحدان حكما، ألا يرى أنه لو خرج إليه مسافرا لم يقصر فقد وجد الشرط وهو نية كمال مدة الإقامة في مكان واحد فصار مقيما وإن كانا مصرين نحو مكة ومنى أو الكوفة والحيرة أو قريتين، أو أحدهما مصر والآخر قرية لا يصير مقيما؛ لأنهما مكانان متباينان حقيقة وحكما، ألا ترى أنه لو خرج إليه المسافر يقصر فلم يوجد الشرط " وهو نية الإقامة في موضع واحد خمسة عشر يوما " فلغت نيته.( بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع: فصل بيان ما يصير المسافر به مقيما: 1/ 98)

وإن نوى المسافر الإقامة في موطنين خمسة عشر يوما نحو مكة ومنى أو الكوفة والحيرة لم يصر مقيما، لأن نية الإقامة لهما تكون في موضع واحد، فإن الإقامة ضد السفر وهو ضرب في الأرض فلا يكون إقامة، وهذا إذ انوى الإقامة في موضعين.( المحيط البرهاني في الفقه النعماني: الفصل الثاني والعشرون في صلاة السفر: 2/ 28)

(أو ينوي) ولو في الصلاة إذا لم يخرج وقتها ولم يك لاحقا (إقامة نصف شهر) حقيقة أو حكما لما في البزازية وغيرها: لو دخل الحاج الشام وعلم أنه لا يخرج إلا مع القافلة في نصف شوال أتم لأنه كناوي الإقامة (بموضع) واحد (صالح لها) من مصر أو قرية أو صحراء دارنا وهو من أهل الأخبية (فيقصر إن نوى) الإقامة (في أقل منه) أي في نصف شهر (أو) نوى (فيه لكن في غير صالح) أو كنحو جزيرة أو نوى فيه لكن (بموضعين مستقلين كمكة ومنى).
وفي حاشية ابن عابدين: (قوله أو نوى فيه) أي في صالح لها (قوله بموضعين مستقلين) لا فرق بين المصرين والقريتين والمصر والقرية بحر.( الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار): باب صلاة المسافر: 2/ 125)

قال الفقهاء: يبدأ المسافر القصر إذا فارق بيوت المصر، فحينئذ يصلي ركعتين... والمعتبر مفارقة البيوت من الجانب الذي يخرج منه، وإن كان في غيره من الجوانب بيوت. ويدخل في بيوت المصر المباني المحيطة به، والنبي صلى الله عليه وسلم لم يقصر في سفره إلا بعد الخروج من المدينة والقريتان المتدانيتان المتصل بناء إحداهما بالأخرى، أو التي يرتفق أهل إحداهما بالأخرى فهما كالقرية الواحدة، وإلا فلكل قرية حكم نفسها يقصر إذا جاوز بيوتها والأبنية التي في طرفها... ويقصر سكان القصور والبساتين وأهل العزب إذا فارقوا ما نسبوا إليه بما يعد مفارقة عرفا.
والبلدة التي لها سور، لا يقصر إلا إذا جاوزه وإن تعدد، كما قال الشافعية.(الموسوعة الفقهية الكويتية: المكان الذي يبدأ منه القصر:27/ 279)

جواب دینے والے مفتی
محترم مفتی محمد عمر صاحب مفتی و محقق، دارالافتاء البیان پشاور
علمی مراجعت
حیثیت منظور شدہ
یہ فتویٰ دارالافتاء کے علمی و اداری نظام کے تحت مرتب، مراجعہ اور منظور کیا گیا ہے۔
موضوعات نماز